لانگ مارچ اسلام آباد میں داخل ہوتے ہی بڑی خوشخبری ملنے کا دعویٰ کر دیا گیا

کراچی(آئی این پی)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے ملک جن بحرانوں کا شکار ہے،اس صورتحال میں پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت اور ان کے ناکام وزراء کو چاہیے کہ اپنی خارجہ اور داخلہ پالیسیوں پر توجہ دیں،پی ٹی آئی کی حکومت ہر شعبے میں ناکام اور نااہل ثابت ہوئی ہے جس کا خمیازہ ملک اور قوم کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ ہفتے کو سید قاسم نوید قمر نے یہ بات لانگ مارچ میں سفر کے دوران ملتان سے لاہور کی طرف جاتے ہوئے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نیازی صاحب کے جھوٹے وعدوں اور دعووں کی حقیقت کو پہچان چکے ہیں اور عوام انہیں مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں جس کی گواہی سندھ میں پی ٹی آئی وزراء کے خالی گاڑیوں کے جلوس اور خالی کرسیوں سے خطاب کی صورت میں سامنے آگئی ہے۔سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ پی ٹی آئی وزراء کو اپنی کارکردگی پر فوکس کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پر بلاجواز تنقید اور سڑکوں پر کیچڑ اچھالنے سے پی ٹی آئی وزراء کی جگ ہنسائی ہورہی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جمہوری لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف گامزن ہے اور ہر منزل پر اس لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں عوام کی مزید شرکت اور والہانہ استقبال اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام پیپلز پارٹی کی قیادت اور پالیسیوں کے تائید کرتے ہیں۔سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ چیئرمین بلاول کی قیادت میں عوام کے اس عظیم الشان لانگ مارچ کے اسلام آباد میں داخل ہوتے ہی انشاء اللہ بڑی خوشخبری ملے گی۔سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ پاکستان کے عوام پی ٹی آئی کے طرزِ حکومت کو مسترد کر چکے ہیں کیونکہ پی ٹی آئی نے عوام کو کمر توڑ مہنگائی، بیروز گاری اور پریشان حالی کے سوا کچھ نہیں دیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close