ہم سندھ حکومت چھوڑنے کو تیار ہیں، پیپلزپارٹی نے بڑا اعلان کر دیا

کراچی (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت چھوڑنے پرتیار ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ پی پی یہ چاہتی ہے کہ ملک میں عوامی حکومت لانے کے لیے اگر ہمیں سندھ حکومت چھوڑنا پڑتی ہے تو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی بوکھلاہٹ میں جس قسم کی باتیں کر رہے ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت پر بہت زیادہ دباؤ ہے۔

قبل ازیں وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایک اور جوکر مارچ کا بھی آغاز ہوا ہے جس میں شہریوں کا پتا ہی نہیں۔وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، کل تاریخی عوامی مارچ کا آغاز بلاول بھٹو نے کیا، شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، میں کراچی کا صدر ہوں مجھے بھی اس کی امید نہیں تھی، ٹھٹھہ تک پہنچنے کے بعد بھی ریلی کا دوسرا سرا اسٹیل میل تک تھا۔انہوں نے کہا کہ گھارو میں شاندار استقبال ہوا جبکہ راستوں میں استقبال کرنے کا منع کیا تھا کہ وقت کا ضیاع ہوتا ہے، ہر جگہ استقبال ہوا لیکن ٹھٹھہ کا استقبال بہت شاندار تھا، وہاں کارکنوں کا جوش دیدنی تھا، بدین ہم تاخیر سے پہنچے لیکن وہاں بھی تاریخی استقبال تھا، حیدرآباد میں بھی کارکنوں نے بڑی تعداد میں استقبال کیا تھا۔

سعید غنی نے کہا کہ جو مومنٹم بنا ہے وہ نشاندہی کررہا ہے کہ اسلام آباد تک ایک بڑی تعداد میں کارکنوں کی تعداد ہوگی، بہت سے لوگ ہیں جو اپنے شہروں سے بھی شامل ہورہے ہیں، یہ ایسا کاررواں بن رہا ہے جس کی مثال نہیں ملتی، ایک اور جوکر مارچ کا بھی آغاز ہوا ہے جس میں دور دور تک شہریوں کا پتا نہیں، شاہ محمود قریشی سے کیمرہ ہٹا کر مجمع بھی دکھائیں کہ لوگ کتنے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ معیشیت کے گورکن اسد عمر کے چہرے سے ہٹا کر مجمع بھی دکھایا کریں، ایک ویڈیو میں ان کے بیان کے دوران وی آئی پیز کے علاوہ کوئی موجود نہیں، ہم گزارش کرتے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ بلاول کا مجمع بھی دکھائیں اور جوکروں کا مجمع بھی دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان شاہ محمود قریشی سے نفرت کرتا ہے لیکن اسے بھیجا کیوں کہ گھوٹکی میں ان کے مرید ہیں جو ان کا دیدار کرنے آئے ہیں، یہ بے شرم لوگ جب مارچ کررہے ہیں کہ لوگوں کو کیا بتائیں گے، نام رکھا ہے کہ حقوق سندھ مارچ، کھاد نہیں موجود کیا بتائیں گے کہ ہم نے تمہاری کھاد استعمال کرلی ہے، کہیں گے کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھادی ہیں، یا ڈالر کا ریٹ بڑھا دیا ہے، سندھ کا پانی بند کردیا ہے، بیروزگار کردیا ہے۔

close