لاہور(پی این آئی)وفاقی وزیربرائے آبی وسائل چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کا تاثر غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بات چیت اور مشاورت جاری ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کوئی فیصلہ ہو چکا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے یہ بات اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ٹیلی فونک بات چیت کے بعد کہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرنے مجھے ٹیلی فون کیا جس میں ہم نے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ میں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم اپنے وعدوں کے پابند ہیں اوران کا مکمل احترام کریں گے۔اس ضمن میں ہم نیوز نے بتایا ہے کہ ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری مونس الٰہی نے اسپیکر سے بات چیت میں واضح طور پر کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت معاشی اشاریے مثبت ہیں اور ملک میں سیاسی و معاشی استحکام بھی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بات چیت کے دوران کہا کہ موجودہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کا استحکام ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وفاقی وزیر برائے بحری امور سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ ق نے ہمیشہ روا داری اور ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنے کی صرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں