وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کو ایک اور اہم عہدہ مل گیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کو ایک اور اہم عہدہ دے دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کو پاکستان تحریک انصاف کی یوتھ ونگ کے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ، اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری کے بعد نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

شہبازگل یوتھ ونگ فوکل پرسن کی حیثیت سے نوجوانوں سے متعلق امور کو دیکھیں گے ، مستقبل میں پی ٹی آئی کی یوتھ کو پارٹی ٹکٹس سمیت اہم سیاسی ذمہ داریاں دینے پر غور کیا جارہا ہے ۔خیال رہے کہ ڈاکٹر شہباز گِل اس وقت وزیراعظم عمران خان کی میڈیا ٹیم میں تقرر و تبادلے کے بعد سے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط کی حیثیت سے بھی کام کر رہے ہیں ، شہباز گِل وزیراعظم کے معاون خصوصی کے طور پر تعینات ہونے والے 15ویں فرد ہیں اور یہ ملکی تاریخ کی پہلی وفاقی کابینہ ہے جس میں معاونین خصوصی کی اتنی بڑی تعداد موجود ہے ۔ادھر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے مسلم لیگ ن کی ایک اور آڈیو لیک ہونے کا اشارہ دے دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک نئی آڈیو سامنے آنے والی ہے جس میں ن لیگ سے شریفوں کو نکالنے کی بات ہے ، ن لیگ میں پانچواں شخص بھی 4 کے ٹولے میں شامل ہونے کی کوشش کر رہا ہے اور پکڑے جانے پر ان کی کوشش ہے کہ ن لیگ پر قبضہ کر لیا جائے ، لیگی رہنماؤں سے سوال ہے وہ پارٹی کو کیوں ٹیک اوور کرنا چاہتے ہیں؟ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ن لیگ سب کو فون کر کے کہہ رہی ہے کہ ڈیل ہو گئی ہے لیکن جب ہم نے ن لیگ سے سوال کیا تو وہ صفائیاں دے رہے ہیں ، ن لیگ سب سے کہہ رہی ہے کہ بات بن گئی ہے لیکن ہمارے انکشافات سے ان کی چیخ و پکار شروع ہو گئی ہے ، شریف فیملی نے ہر صحافی سے ڈیل کی بات کی ہے اور ڈیل کے بعد ساری شریف فیملی منظر عام سے غائب ہو گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں