حکومت گرانے میں ہماری مدد کریں، شہباز شریف نے چوہدری پرویز الٰہی کو بڑا عہدہ دینے کی پیشکش کر دی، بڑا دعویٰ

لاہور (پی این آئی) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ کے عہدے کی پیشکش کر دی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کو پنجاب میں اہم عہدے کی پیشکش کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ کو پیغام مشترکہ سیاسی دوستوں کے ذریعے پہنچایا گیا۔

.پیغام میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دیں اور آگے بھی مل کر چلیں گے۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کی پیشکش پر چوہدری پرویز الہیٰ نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا۔خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف 14 سال بعد چوہدری برادران سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچے تھے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے تین دور ہوئے، پہلے دور میں دونوں جانب کی قیادت شریک ہوئی، دوسرے دور میں شہباز شریف، چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی شریک ہوئے، تیسرے دور میں شہباز شریف، شجاعت حسین، پرویزالٰہی، سعد رفیق، ایاز صادق بھی شریک ہوئے، بعد ازاں رانا تنویرکو بھی ملاقات میں شریک کرلیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ شہباز شریف نے چوہدری برادران کو اپوزیشن کے فیصلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد لانےکا فیصلہ کیا ہے، ساتھ دیا جائے، آپ کے حکومت سے متعلق تحفظات بھی سامنے آتے رہتے ہیں، اب بڑا فیصلہ کریں، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان بھی آپ سے ملے ہیں، اپوزیشن یکسو ہےکہ حکومت کو گھر جانا چاہیے۔ چوہدری برادران کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی صورت حال پر پارٹی مشاورت کریں گے، آنے والے دن اہم ہیں، ہم صورت حال کے تناظر میں غور کے بعد لائحہ عمل اختیار کریں گے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جانب کی قیادت نے ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد ملاقات کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں