شاہ محمود قریشی نے ن لیگ سے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو پارٹی ٹکٹ دینے کی گارنٹی مانگ لی

 اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود نے اتحادیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں اپنے اتحادیوں پرمکمل اعتماد ہے اور انہیں کوئی گھبراہٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی ملاقاتیں نشستند، گفتند، برخاستند سےزیادہ نہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اگر سمجھتی ہے کہ حکومت کو گرانا اتنا ہی ضروری ہے تو پی ٹی آئی کے لوگوں کو اپنے ٹکٹ کی گارنٹی دے۔ خیال رہے کہ ملک میں سیاسی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔ اپوزیشن جماعت ن لیگ نے حکمران اتحادی جماعت ق لیگ سے رابطہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی بھی چوہدری برادران سے ملاقات کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔شہباز شریف اور چوہدری برادران کے درمیان ملاقات آئندہ 2 روز میں ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب سینئر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔نجی ٹی وی کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے کتنے امکانات ہیں؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ اپوزیشن کے انتشار و اختلافات کو دیکھیں تو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ایک اور سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو عوامی رابطہ مہم صرف الیکشن سے پہلے نہیں مسلسل چلانی چاہئیے۔سینئر تجزیہ کار وڑایچ نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے امکانات ففٹی ففٹی ہیں، تحریک عدم اعتماد کا کامیاب ہونا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ دوسری طرف حکومت کی پوری طاقت ہوتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close