آئیں ملکر حکومت گرائیں، آصف زرداری نے ق لیگ کو اہم عہدوں کی پیشکش کر دی، چوہدری شجاعت نے کیا جواب دیا؟

اسلام آباد(پی این آئی) گذشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ کے صدرو سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، ایم این اے سالک حسین، شافع حسین اور رخسانہ بنگش بھی شریک تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف علی زرداری نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ آصف زرداری کا استقبال چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی، طارق بشیر چیمہ اور سالک حسین نے کیا۔ جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق آصف علی زرداری نے چوہدری برادران کو سیاسی تبدیلی کا ایجنڈا پیش کیا اور ق لیگ کو پنجاب میں اہم عہدہ دینے کی پیشکش کی جس پر چوہدری شجاعت نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا معاہدہ ہے،5 سال حکومت کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتے،چوہدری شجاعت نے کہا کہ نیا تجربہ نہ کریں، پی ڈی ایم کے اپنے اندر اختلافات ہیں۔

ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت نے واضح طور پر حکومت کے خلاف اپوزیشن کا ساتھ دینے سے معذرت کی،اور کہا کہ پانچ سال تک وہ حکومت کا ساتھ دینے کے پابند رہیں گے۔حکومتی اتحادی ہیں آئینی مدت پوری ہونے تک ساتھ دیں گے۔سیاسی جماعتوں کے الگ الگ منشور ہیں جس کے لیے اتفاق رائے ضروری ہے۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنا ضروری ہے، ایسا تجربہ نہ کیا جائے جس سے سیاسی ، جمہوری اور آئینی تسلسل کو نقصان ہو۔آصف علی زرداری نے ملاقات میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات سے متعلق بھی چوہدری شجاعت حسین کو آگاہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close