مانسہرہ (پی این آئی) صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مانسہرہ کی ہزارہ یونیورسٹی 10 روز کے لیے بند کردی گئی ہے، یونیورسٹی میں 7 فروری کو ہونے والے امتحانات 15 فروری کو ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کی ہزارہ یونیورسٹی کرونا کیسز رپورٹ ہونے پر 10 روز کے لیے بند کردی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹی کو سیل کر دیا ہے۔
انتظامیہ نے کہا کہ کرونا کیسز اساتذہ اور طلبا میں رپورٹ کیے گئے، متعلقہ اداروں کو یونیورسٹی عمارات کو ڈس انفیکٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ جامعہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جامعہ کی بندش کے پیش نظر امتحانات بھی ملتوی کیے جارہے ہیں، یونیورسٹی میں 7 فروری کو ہونے والے امتحانات 15 فروری کو ہوں گے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 874 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 14 لاکھ 59 ہزار 773 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث 30 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 29 ہزار 478 ہوگئی۔کورونا کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کئی صوبوں میں تعلیمی اداروں کی بندش کا سلسلہ جاری ہے اور کئی تعلیمی اداروں نے آن لائن تعلیمی سلسلہ شروع کردیا ہے۔
آزادکشمیر کے علاقے بھمبر میں کورونا کیسز میں اضافہ کے بعد تمام سرکاری، نجی تعلیمی ادارے 4 سے 11 فروری تک بند رہیں گے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں کورونا کیسز آنے پر ضلع بھمبر میں 49 تعلیمی ادارے پہلے ہی بند کیے جا چکے ہیں۔کچھ قبل کوٹلی آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی جس کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں