مخیر حضرات ،ہمیں ایک روپیہ بھی نہ دیں، چھوٹے اسکول میں 15لاکھ روپے سے پورا سال بچوں کو کھانا مل سکتا ہے، اپیل کر دی گئی

لاہور (آئی این پی ) وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ لاہور میں 12 سال سے زائد عمر کے 85 فیصد سے زائد بچوں کی ویکسینیشن ہوچکی ہے۔ ڈاکٹر مراد راس نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے پہلے ہم نے اسکول میل پروگرام شروع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے اسکولز کبھی بند ہورہے تھے کبھی کھل رہے تھے جس کے باعث یہ پروگرام بھی متاثر ہوا اور ویسے تسلسل سے نہیں چل سکا جیسا چاہتے تھے۔

مراد راس نے کہا کہ جب اپوزیشن میں تھے تو اپنے حلقہ میں میڈیکل کیمپ لگایا کرتے تھے، میڈیکل کیمپ میں خوارک کے باعث بچوں کی نشونما سے متعلق مسائل دیکھے۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ میری تمام صاحب استطاعت افراد سے گزارش ہے کہ ہمیں ایک روپیہ بھی نہ دیں، ایک چھوٹے اسکول میں پندرہ لاکھ روپے سے پورے سال بچوں کو کھانا مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں صاحب استطاعت افراد سے گزارش کروں گا کہ ایک اسکول اڈاپٹ کریں، اس سارے پروگرام میں حکومت کا ایک پیسہ بھی نہیں لگا۔

مراد راس نے کہا کہ ہمیں سوچنا ہے کہ اس چیز کی ضرورت آج ہے، ہمیں بچوں کے مستقبل کے لئے ایسے اقدامات شروع کرنا ہوں گے۔ انکا کہنا ہے کہ ہم اس منصوبہ میں حکومت کے فنڈز بھی لے کر آئیں گے، کورونا کی وجہ سے بہت مشکلات آئیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ جتنے بھی پروگرام ہم نے شروع کیے اس تیزی سے نہیں چل سکے، اب اسکولز میں بہت زیادہ ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہیں پر بھی ایسا نہیں ہوا کہ جہاں سے کورونا کے کچھ کیسز آئے ہوں اور پورا اسکول بند کر دیا ہو، 12 سال سے زائد عمر کے 85 فیصد سے زیادہ بچوں کی ویکسینیشن ہو چکی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں