خان صاحب! ہمیں آپ سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن نے واضح اور دوٹوک پیغام دیدیا

لسبیلہ (پی این آئی) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خان صاحب! ہمیں آپ سے کوئی خطرہ نہیں ہے، عمران خان کبھی چین جیسے نظام اور ایران جیسے انقلاب تو کبھی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں،ان کی شکلیں دیکھو اور ریاست مدینہ کی باتیں دیکھو۔

انہوں نے لسبیلہ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہے آپ آئین کے ساتھ کس طرح مذاق کررہے ہو، آپ کی حکومت بیرونی ایجنڈے پرعمل پیرا ہے، خارجہ پالیسی اور معیشت کو تباہ کردیا گیا۔ ہم جب حق کی بات کرتے ہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے کہ آپ کا سیاست میں کیا کام ہے؟ عمران خان کبھی کہتے ہیں پاکستان میں چین جیسا نظام لے کر آئیں گے۔ کبھی ایران جیسے انقلاب تو کبھی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں، ان کی شکلیں دیکھو اور ریاست مدینہ کی باتیں دیکھو۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مرغیاں پالو، انڈے بیچو، اب کہتے ہیں مجھے نکالا میں خطرناک بن جاؤں گا،خان صاحب! ہمیں آپ سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ہم آپ کو پہلے کی طرح اب بھی کچھ نہیں سمجھتے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چین نے 40 سال محنت کی اورقوم کو غربت سے نکالا، پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے چین اصول سے رہنمائی لیتا ہوں، جب تک دولت نہیں بڑھتی غربت کم نہیں کی جاسکتی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے 23 جنوری اتوار کو ’’آپ کا وزیرِاعظم آپ کے ساتھ‘‘پروگرام میں عوام سے ٹیلیفون کالز کے ذریعے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہماری حکومت اس مرتبہ اپنی مدت پوری کرے گی اور اگلی مرتبہ بھی اپنی مدت پوری کرے گی کیونکہ کسی حکومت کو وہ چیلنجز نہیں ملے جو ہمیں ملے تھے۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو خبردار کیا کہ اگر میں حکومت سے باہر نکل گیا تو آپ کے لیے زیادہ خطرناک ہوں، ابھی تک تو میں چپ کر کے بیٹھا ہوتا ہوں، اگر میں سڑکوں پر نکل آیا تو آپ کیلئے چھپنے کی جگہ نہیں ہو گی کیونکہ لوگ آپ کو پہچان چکے ہیں۔

 

close