ن لیگ میں شریف برادران کے علاوہ کون کون وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار ہے؟ رانا ثنا اللہ نے اعتراف کر لیا

لاہور(پی این آئی) صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پارٹی میں شریف برادران کے علاوہ بھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار موجود ہیں، باقی سینئر لیڈرز کو ڈاکٹرز نے پرہیز نہیں لکھ کردیا کہ آپ وزیراعظم نہیں بن سکتے ،وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا فیصلہ پارٹی قیادت نے صورتحال دیکھ کر کرنا ہے۔

انہوں نے نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن تحریک عدم اعتماد کیسے لے آئے، اس کیلئے نمبرز پورے ہونے چاہئیں، عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ تعداد پوری ہوجائے تو کل تحریک عدم اعتماد میں لے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف پارٹی صدر ہیں، وزارت عظمیٰ کے شہبازشریف میرٹ پر ہیں، نوازشریف مسلم لیگ ن کے قائد ہیں، ان کا بھی میرٹ بنتا ہے، اسی طرح مسلم لیگ ن کے باقی سینئر لیڈرز کو بھی ڈاکٹرز نے پرہیز نہیں لکھ کردیا کہ آپ وزیراعظم نہیں بن سکتے ، ان کا بھی میرٹ بنتا ہے، فیصلہ پارٹی قیادت نے صورتحال دیکھ کر کرنا ہے، اب پتا نہیں جب یہ موقع آئے تو اس وقت صورتحال کس طرح کی ہوگی؟جب شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم بنایا گیا تو شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم بننے سے 10 بار انکار کیا کہ مجھے وزیراعظم نہ بنائیں۔صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کے اتحادی بھی رابطے میں ہیں اور تحریک انصاف کے ارکان بھی رابطے میں ہیں، ان کے کچھ مطالبات ہیں، ان سے بات ہوبھی رہی ہے، سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کے الیکشن کے وقت 20سے 25لوگ رابطے میں تھے، ان میں 12یا13لوگوں نے ووٹ بھی دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ بننے کو تیار ہیں لیکن یہ مسلم لیگ ن کو سوٹ نہیں کرتا،ہم تیار نہیں ہیں ، یہ ہماری جماعت کیلئے اتنا آسان فیصلہ نہیں ہوگا۔انہوں نے عمران خان کے بیان کہ حکومت سے باہر آکر خطرناک ہوجاؤں گا ، اس کے جواب میں کہاکہ جن لوگوں نے عمران خان کو مسلط کیا ہے، وہ لوگ اب عمران خان کو نکالنا چاہتے ہیں، ان لوگوں کو عمران خان نے کہا کہ اب تو میں زیادہ نہیں تو تھوڑی بہت خدمت کررہا ہوں ، لیکن حکومت سے باہر جاکر بہت زیادہ نقصان میں جاؤں گا، اس میں اپوزیشن کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close