شناختی کارڈ میں لگی چپ سے لاپتہ شہری کو تلاش کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا

کراچی(پی این آئی)سندھ ہائیکورٹ میں شہری اعجاز الحسن کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے لاپتا شہری کو شناختی کارڈ میں لگی چِپ کی مدد سے تلاش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے گمشدہ شہری اور تحقیقات کا معاملہ ٹاسک فورس کے سامنے بھی زیر بحث لانے کی ہدایت کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں شہری اعجاز الحسن کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے کہا کہ گمشدہ شہری اور تحقیقات کا معاملہ ٹاسک فورس کے سامنے بھی زیر بحث لایا جائے اور جس جس فون پر اس کارابطہ ہوا تھا ان سے بھی تحقیقات کی جائے۔جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ کیا اسمارٹ کارڈ میں لگی چپ سے بندہ ٹریس نہیں ہوسکتا؟ لاپتہ شہری کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ عدالت نے 17 فروری کو پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ لاپتہ شخص سابق گورنر حکیم محمد سعید قتل کیس میں گرفتار ہوچکا ہے، اعجاز الحسن رہا ہونے کے بعد ہانگ کانگ چلا گیا تھا، دس سال بعد واپس آیا اور ائیرپورٹ سے لاپتا ہوا لیکن دو ماہ بعد واپس آگیا تھا۔تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ پاک سر زمین پارٹی ( پی ایس پی) میں شمولیت کے لیے بھی اس سے رابطہ کیا گیا تھا۔اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ جن لوگوں نے رابطہ کیا تھا ان سے پوچھ گچھ کی؟ بعد ازاں عدالت نے 17 فروری کو لاپتہ افراد کے معاملے پر پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close