عثمان بزدار چھا گئے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے کارکردگی میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو پیچھے چھوڑ دیا، سروے رپورٹ جاری

لاہور (پی این آئی ) انسٹیٹیوٹ آف پبلک اوپین ( آئی پی او آر) نے نئی سروے رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تین سالہ کارکردگی میں تمام وزرائے اعلیٰ کو پیچھے چھوڑ دیا۔آئی پی او آر کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 45 فیصد رائے دہندگا ن نے کارکردگی کے لحاظ سے سردار عثمان بزدار کو بہترین وزیر اعلیٰ قرار دیا ، فہرست میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان دوسرے،سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ تیسرے اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو چوتھے نمبر پر ہیں ۔

سروے رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے41فیصد نے وزیراعلیٰ محمود خان، سندھ کے 38فیصد عوام نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور بلوچستان کے 32فیصد رائے دہندگان نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے حق میں رائے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تعلیم او رصحت کی سہولتوں کی فراہمی او رڈویلپمنٹ کے لحاظ سے بھی دیگر وزرائے اعلیٰ کو پیچھے چھوڑ دیا، سروے میں اکثریت نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حق میں رائے دی، 86فیصد رائے دہندگان وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت کے تعلیم کی سہولتوں کے اقدامات پر مطمئن نظر آئے

۔تعلیم کے حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت80فیصد، بلوچستان حکومت 62او رسندھ حکومت 58فیصد رائے دہندگان کا اعتماد حاصل کرسکی، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بھی باقی صوبوں سے سبقت لے گئی ، پنجاب کے72فیصد رائے دہندگان صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بزدار حکومت سے مطمئن نظر آئے ۔صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے 67فیصد کے ساتھ خیبرپختونخوا حکومت دوسرے،56 فیصد کے ساتھ بلوچستان حکومت تیسرے اور 53فیصد کے ساتھ سندھ حکومت چوتھے نمبر پر رہی ۔ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب سروے رپورٹ میں سر فہرست رہے ،

ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پنجاب میں 51 فیصد رائے دہندگان عثمان بزدار کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے ،خیبر پختونخوا میں 48،بلوچستان میں 43اور سندھ میں 38فیصد رائے دہندگان نے اعتماد کااظہارکیا۔سروے رپورٹ میں سرکاری محکموں میں خدمات کی فراہمی میں خیبرپختونخوا حکومت پہلے نمبر پر رہی جبکہ پنجاب حکومت دوسری پوزیشن پر ہے ۔ خیبر پختونخوا حکومت پر 69فیصد رائے دہندگان نے اعتماد کا اظہار کیا جبکہ پنجاب کے 61فیصد رائے دہندگان سرکاری محکموں میں خدمات کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اقدامات سے مطمئن نظر آئے ۔ بلوچستان حکومت پر 54فیصد او رسندھ حکومت پر 50فیصد رائے دہندگان نے سروس فراہمی کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close