لاہور (پی این آئی) لاہور میں شدید دھند کی وجہ سے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن معطلی کا شکار ہوگیا۔ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپور ٹ پر دھند کی وجہ سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہے ، جہاں حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے طیاروں کی لینڈنگ ممکن نہیں ہے ، جس کی وجہ سے زیادہ تر پروازوں کا رخ اسلام آباد کیلئے موڑ دیا گیا۔اس حوالے سے لاہور ایئرپورٹ کے منیجر نے کہا ہے کہ حد نگاہ ٹھیک ہوتے ہی فضائی آپریشن کو معمول پر لے آئیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ دھند کی وجہ سے کراچی سے لاہور جانے والی پرواز واپس کراچی کی جانب موڑ دی گئی ، جب کہ ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا ، کویت سےلاہور آنے والی ایک کارگو پرواز کا رخ بھی اسلام آباد کی جانب کیا گیا۔ادھر لاہور میں سموگ بدستور برقرار ہے ‘ جس کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست ہے ، بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی 370 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں فضائی آلودگی اور اسموگ کا سلسلہ جاری ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں صوبائی دارالحکومت آج پھر پہلے نمبر پر ہے ، کیوں کہ آج شہر کا مجموعی ائیرکوالٹی انڈیکس 415 ریکارڈ کیا گیا ، لاہور میں سب سے زیادہ آلودہ علاقہ کوٹ لکھپت ہے جہاں ائیرکوالٹی انڈیکس 633 ریکارڈ کیا گیا ، اسی طرح صوبے کے دیگر شہروں میں سے فیصل آباد میں ائیر کوالٹی انڈیکس 466 ، بہاولپور میں 408 اور گوجرانوالہ میں 357 ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں