پارٹی کی تنظیمیں تحلیل کرنے پر عامر لیاقت نے وزیراعظم عمران خان کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے

کراچی (پی این آئی) پارٹی کی تنظیمیں تحلیل کرنے پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کا وزیر اعظم کو خراج تحسین۔ عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پارٹی میں جمہوریت قائم رکھنے اور اپنی ہی جماعت کا احتساب کرتے ہوئے پارٹی کی تمام تنظیمیں تحلیل کردی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت نے پارٹی تنظیمیں تحلیل کرنے کے عمل کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں تحریک انصاف رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے لکھا کہ اپنے لیڈر اور پارٹی چیئرمین وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پارٹی میں جمہوریت قائم رکھنے کے لیے اور اپنی ہی جماعت کا احتساب کرتے ہوئے پارٹی کی تمام تنظیمیں تحلیل کردی ہیں۔انہوں نے وزیر اعظم کے یوزر نیم کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ان کو اسی لیے وزیر اعظم سے پیار ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بطور چیئرمین تحریک انصاف پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے اورپارلیمانی بورڈ ز کو تحلیل کردیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلات ونشریات فواد چودھری نے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ تحریک انصاف قومی وفاقی جماعت کا درجہ رکھتی ہے، تمام صوبوں میں ایک ہی جماعت ہے اور وہ ہے پی ٹی آئی، ملک میں 1100سے لے کر1200 تک ٹکٹ دیئے جاتے ہیں، تحریک انصاف کے سوا کوئی اور جماعت اتنے ٹکٹ ہی نہیں دے سکتی، پیپلزپارٹی صرف سندھ اور ن لیگ صرف پنجاب کی پارٹی ہے۔

پی ٹی آئی کی سیاست متاثرہوتی ہے تو اس کا مطلب ہے پاکستان کی سیاست متاثر ہوتی ہے، وزیراعظم کو خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کی وجوہات سے آگاہ کیا گیا۔پی ٹی آئی ایک خاندانی سیاست والی جماعت نہیں ہے، عمران خان نے اپنے سیاسی کیریئر میں کبھی رشتوں کو حاوی نہیں ہونے دیا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا کلچر اگر پی ٹی آئی میں آگیا تو فرق نہیں رہے گا، وزیراعظم کو شکایات موصول ہوئیں کہ میرٹ کے برعکس خاندانوں میں ٹکٹ بانٹے گئے۔ تحریک انصاف کی تنظیموں کو اور تحریک انصاف کو جس طرح بڑی جماعت کے طور پر کردار ادا کرنا چاہیے وہ کے پی الیکشن میں نظر نہیں آیا۔آج وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف نے پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ پی ٹی آئی کے تمام تنظیمی ڈھانچے کو تحلیل کرنے کا حکم دے دیا ہے ،پارلیمانی بورڈ بھی تحلیل کردیے گئے، تمام تنظیمی عہدیداروں کو فارغ کردیا گیا،21 رکنی نئی آئینی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،علی امین گنڈا پور، اسد قیصر، فواد چودھری ، سیف اللہ نیازی، اسد عمر، عثمان بزدار ،عمران اسماعیل اور علی زیدی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔اس کمیٹی کے بعد نئی تنظیم سازی کی جائے گی، کسی رشتہ دار کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ مقامی قیادت نہیں کرے گی بلکہ وفاق کی سطح پر فیصلے ہوں گے۔اس سے قبل وزیراعظم کی زیرصدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے کر لیے گئے۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی طے کی گئی۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن میں غلطیاں نہ دہرانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پارٹی امیدواروں کی ٹکٹس کا خود جائزہ لے کرفیصلہ کروں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے وزیراعلیٰ محمود خان کو صوبے میں پارٹی کارکنان کو منظم کرنے کی ہدایت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close