پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں 4.5 شدت زلزلے کے جھٹکے، عوام کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنی چھتوں سے باہر کھلے میدان میں نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے کے پی کے ضلع خیبر سے ملحقہ علاقوں میں محسوس کیے گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے زلزلے کا مرکز ساؤتھ ایسٹرین افغانستان بتایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم زلزلے کے باعث عوام شدید خوف وہراس شکار ہیں۔بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کے دوران عوام کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنی چھتوں سے باہر کھلے میدان میں نکل آئے تھے۔اس سے پہلے پیر اور منگل کی درمیانی شب آواران اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے جن کی ریکٹر اسکیل پر شدت 3 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز آواران سے 55 کلو میٹر جنوب مغرب میں تھا جبکہ گہرائی 25 کلومیٹرریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے خوف سے شہری کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور سخت سردی میں رات کھلی جگہ پر گزاری، تاہم زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں