خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن، تحریک انصاف نے کہاں کہاں میدان مار لیا؟ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آگئے

بونیر(پی این آئی)خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کےنتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک چھ تحصیل کونسلز کے مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوئے ہیں،جس کے مطابق تحریک انصاف نے تین،آزاد امیدوار وں نے دونشستوں پر میدان مارا ہے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) نے ایک سیٹ جیتی ہے۔غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق ضلع بنوں میں تحصیل کونسل ککی سے تحریک انصاف نے میدان مارا ہے۔

پی ٹی آئی کے امیدوار جنید الرشید چار ہزار 435 ووٹ لے کر پہلے جب کہ آزاد امیدوار پیر خان بادشاہ دو ہزار 690 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ضلع بونیر کی تحصیل گدیزئی کی سیٹ سے تحریک انصاف کے امیدوار جیت گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار شیر عالم خان 10ہزار365 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔عوامی نیشنل پارٹی کے شاہ جہان چھ ہزار783ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔بونیر کی ہی تحصیل گاگرہ سے تحریک انصاف کے سید سالار جہان نو ہزار 344 ووٹ لے کر تحصیل کونسل کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں جب کہ جماعت اسلامی کے رشید احمد چار ہزار 975 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ضلع ہنگو کی تحصیل ہنگو میں چیئرمین شپ کا تاج آزاد امیدوار کے سر سجا۔ یہاں آزاد امیدوار عامر غنی 13ہزار761ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ جمعیت علما اسلام (ف) کے امیدوار حافظ محمد قاسم 11ہزار44ووٹ لے سکے۔ ضلع بنوں کی تحصیل میریان میں بھی آزاد امیدوار نے میدان مارا ہے۔

تحصیل چیئرمین میریان کی نشست پر آزاد امیدوار پیر کمال شاہ 11 ہزار 885 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے شاہد خان چھ ہزار 370 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ صوابی کی تحصیل رزڑ میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے غلام حقانی 22 ہزار 743 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ ان کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بلند اقبال ترکئی 13 ہزار 23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ یہاں یہ بھی یاد رہے کہ بلند اقبال تحریک انصاف کے اہم رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی کے قریبی عزیز ہیں۔ یہ تحصیل کونسل کی پہلی نشست تھی جس کا سب سے پہلے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close