بیرون ِ ملک جانیوالے مسافروں کو کیا کرنا ہو گا؟ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد (پی این آئی) بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کو کم از کم 4 گھنٹے قبل ایئر پورٹ پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ دبئی، شارجہ اور ابوظبی جانے والے مسافر پرواز سے 5 گھنٹے قبل ایئر پورٹ آئیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کی ٹیسٹ رپورٹ ایک ساتھ جاری نہ کی جائے جبکہ 30 مسافروں کے ٹیسٹ رپورٹ جاری کرکے بورڈنگ ایریا میں جانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ ایئرپورٹ منیجر عدنان خان نے کہا کہ ایئرلائن کاؤنٹر بند کرنے سے پہلے باقاعدہ طور پر اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی چیک کے لیے اے ایس ایف کی نفری میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سکیورٹی کوئیک رسپانس کے تحت چیک ہوگی۔ واضح رہے کہ ایئرپورٹ پر مسافروں کے رش کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اقدامات کیے ہیں۔ قبل ازیں ملک بھر کے ائیرپورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات، ایران اور عراق سے آنے والے مسافروں کا ائیرپورٹ پر کورونا ریپڈ ٹیسٹ دوبارہ سے شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

یہ اقدامات کورونا کی نئی لہر کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع نے بتایا کہ دبئی، شارجہ، ابوظہبی اور سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کے ائیرپورٹ پہنچنے پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ہوں گے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی منظوری کے بعد ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا عمل دوبارہ سے شروع کردیا جائے گا۔

close