حکومت کا پاکستانی پاسپورٹ کی مدت 10 سال اور فیس آدھی کرنے کا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ کی مدت 10 سال اور فیس آدھی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی مشنز میں پاسپورٹ کا عملہ واپس نہیں آتا تو فارغ کر دیا جائے گا۔نئے افسر آ جائیں گے۔ایف آئی اے میں 3 سال سے زائد ڈیوٹی دینے والوں کا ٹرانسفر کر دیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد 2 پاسپورٹ اور 2 شناختی کارڈ رکھنے والے صرف ایک رکھ سکیں گے۔غلط شناختی کارڈ دینے والوں کے خلاف بہت بڑا ایکشن لینے والے ہیں۔ ،اوورسیز پاکستانی اپوزیشن والوں سیناراض ہیں، دنیا بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد ایک کروڑ ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں گے، 191 ممالک میں آن لائن پاسپورٹ کی سہولت دے رہے ہیں، پاکستان میں ای پاسپورٹ شروع ہونے جا رہا ہے، خواہش ہے 100 روز میں ای پاسپورٹ شروع ہو جائے۔ڈالر کا بحران پیدا کرنیوالی انٹرنیشنل لابی ہے، ملک میں بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، بڑی بڑی کمپنیاں غریبوں کا خون چوستی ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر ہماری خاص توجہ ہے، اور مزید زور دینا ہے، چمن اور طور خم بارڈر پرمعاملات ٹھیک چل رہے ہیں، نئے ڈی جی آئی ایس آئی بہترین صلاحیتیوں کے مالک ہیں، پاک فوج میں صلاحیت کی کمی نہیں ۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ملک کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت اقدام کا فیصلہ کیا ہے، بڑے مگرمچھوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے، ایف آئی اے سے کہا ہے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالے۔ انہوںنے کہاکہ رانا شمیم کا نام پی این آئی ایل میں ڈال دیا ہے، اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے، جس کے لئے اجلاس ہوگا۔ شیخ رشید نے کہاکہ نوازشریف پاکستا ن نہیں آئیں گے، اور اگر وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں تو 24 گھنٹے میں دستاویزات دیں گے، وہ پاکستان آنے کا ارادہ ظاہر کریں تو ہم کاغذات ان کے گھر تک بھی پہنچا سکتے ہیں۔وزیرداخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنی احتجاج کی تاریخ بدلے، اپوزیشن نے 4 ماہ کاوقت کمپنی کی مشہوری کیلئے دیاہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close