کورونا کی پانچویں لہر، نئے کیس بجلی کی سی تیزی سے بڑھنے لگے

پیرس (پی این آئی) یورپ میں موسم سرما شروع ہوتے کورونا وائرس کی نئی لہر پھوٹ پڑی ہے۔ یورپ کے اہم اور بڑے ملک فرانس میں کورونا کی پانچویں لہر کا آغاز ہوگیا ہے جس میں نئے کیسز کی تعداد میں بجلی کی رفتار سے اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں وائرس کے نئے کیسز کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران روزانہ کی بنیاد پر کوویڈ کے نئے کیسز میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔

اس حوالے سے فرانس کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز تک سات دنوں میں کورونا کیسز کی اوسط 17 ہزار 153 تک پہنچ گئی جو پچھلے ہفتے صرف 8 ہزار 458 تھی یعنی نئے کیسز کی شرح میں 81 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ فرانس کے حکومتی ترجمان کے مطابق نئے کیسز بجلی کی رفتار سے بڑھ رہے ہیں۔پچھلے سات روز میں کورونا کیسز میں اضافے سے گزشتہ 3 ہفتوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا تاہم انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ویکسینیشن کی اعلیٰ شرح کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے کی شرح کم ہے۔ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ہفتے کے روز اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں 7 ہزار 974 مریض داخل ہوئے جن میں سے 1 ہزار 33 کی حالت نازک ہے تاہم اب بھی کورونا پابندیوں کا اطلاق صرف غیر ویکسین شدہ افراد پر ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں