فنکشنل لیگ کے بعد ق لیگ نے بھی آنکھیں پھیر لیں، چوہدری پرویز الٰہی کا ایسا بیان کہ پی ٹی آئی قیادتِ پریشان ہو گئی

اسلام آباد(پی این آئی)حکمران تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے حکومت سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اتوار کی شام طلب کرلیا گیاہے۔مسلم لیگ ق کے سینیئر رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم تین سال سے انہیں وفاق اور صوبے میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

ہم ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں لیکن یہ نہیں نبھا رہے۔‘سنیچر کو ایک بیان میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ’پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہر ضلعے میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے۔‘مسلم لیگ ق پنجاب کے سیکرٹری جنرل کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ ’حکومت کو یاد دلانے کے لیے سینیٹ کا الیکشن ہی کافی ہے، کیا یہ بھول گئے کہ کس طرح ووٹ مانگے بغیر انہیں کامیابی ملی۔‘’حکمران یہ بھی بھول گئے ہیں کہ ان کا کوئی بندہ ووٹ مانگنے کے لیے بھی نہیں آیا پھر بھی انہیں سینیٹ کے مشکل ترین انتخابات میں ہم نے انہیں کامیابی کے ساتھ نکالا۔‘یاد رہے کہ مسلم لیگ ق کے قومی اسمبلی میں چار ارکان ہیں جن میں سے دو چودھری مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ وفاقی وزرا ہیں۔پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے ارکان کی تعداد 10 ہے۔

close