مریم نواز کی ایسی ٹویٹ جو کچھ ہی دیر بعد ڈیلیٹ کرنی پڑگئی، حکومتی وزرا کی گولہ باری شروع

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستانی اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کرکٹ میچ سے متعلق ایک ویڈیو ٹویٹ کی تو اس پر انہیں عمومی مخالفت کے بجائے ایک نئی قسم کی تنقید کا سامنا رہا۔ٹی 20 ورلڈ کپ کی وجہ سے کرکٹ بخار جہاں پورے عروج پر ہے وہیں کرکٹ میچوں خصوصا پاکستانی ٹیم کے مقابلوں سے متعلق شائقین کی یادیں بھی اپ ڈیٹڈ ہیں۔

یہی وجہ رہی یا کچھ اور البتہ مریم نواز کی جانب سے کرکٹ میچ کے دوران کے مناظر کی ویڈیو شیئر کرنے کے بعد انہیں جواب دینے والوں کی اکثریت کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ایک پرانی ویڈیو کیوں ٹویٹ کی گئی ہے؟مختصر سے وقت میں 60 ہزار سے زائد ویوز حاصل کر لینے والی ویڈیو پاکستانی ٹیم کے ایک سابقہ میچ کے دوران بنائی گئی تھی، اس میچ کے دوران کیمرہ آسمان پر اڑنے والے جہاز کو فوکس میں لاتا ہے تو اس کے عقب میں لہراتا بینر واضح دکھایا جاتا ہے جس پر ’جسٹس فار بلوچستان‘ تحریر ہے۔مریم نواز کی جانب سے ٹویٹ کی گئی مختصر دورانیے کی یہ ویڈیو شیئر کیے جانے کے فورا بعد سوالات، تنقید اور طنز کا نشانہ بنی تو اس پر تبصرہ کرنے والوں کی بڑی تعداد اس بات پر بھی حیران تھی کہ پرانی ویڈیو کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران کیوں شیئر کیا گیا ہے۔ویڈیو پر تبصرہ کرنے والوں میں سے کچھ نے ’پاکستان کے میچ کے دوران انڈین لابی کی جانب سے لہرایا گیا بینر‘ ٹویٹ کرنے کو مریم نواز کا نامناسب اقدام کہا تو کچھ ان کی ٹویٹ میں درج ’جسٹس فار بلوچستان‘ کے پیغام کی حمایت کرتے رہے۔

مریم نواز کی سرگرمی پر حکومتی شخصیات نے بھی تنقید کی، اسی دوران کچھ دیر بعد ن لیگی رہنما کی ٹوئٹر ٹائم لائن سے یہ مواد ڈیلیٹ کر دیا گیا۔ اس مرحلے پر جہاں گفتگو نے نیا انداز اختیار کیا وہیں یہ استفسار بھی ہوا کہ اگر مطالبہ ٹھیک تھا تو پھر ڈیلیٹ کیوں کیا گیا؟اس مرحلے پر وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ن لیگی رہنما پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’مریم نواز کی کم علمی کم ظرفی اور خود پرستی نون لیگ کو تو لے ہی ڈوبی لیکن چونکہ وہ میڈیا سٹار ہیں تو اب انھیں لگتا ہے کہ روزانہ ایک شعبدہ چاہئے میڈیا کی زینت بنے رہنے کے لیے۔‘

ن لیگ کی نائب صدر کی جانب سے کچھ دیر میں ایک اور ٹویٹ کے ذریعے معاملے کی وضاحت کی گئی تو لکھا کہ کچھ معلوم لوگ اسے غلط رنگ دے رہے تھے۔انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں پاکستان میں نظرانداز ہونے والے سبھی کے ساتھ ہوں اور یہ سلسلہ جاری رکھوں گی۔ بلوچستان میرے دل کے قریب ہے، پروپیگنڈا کتنا بھی کیوں نہ ہو اسے تبدیل نہیں کر سکتا۔‘اس مرحلے پر انہوں نے ’جسٹس فار بلوچستان‘ کا سلوگن ایک مرتبہ پھر اپنی ٹویٹ کا حصہ بھی بنایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close