کاروباری اوقات کار کیا ہوں گے؟ محکمہ داخلہ نے نیا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

کراچی (پی این آئی) محکمہ داخلہ سندھ نے 15 نومبر تک کیلئے نیا حکم نامہ جاری کردیا، صوبے میں کاروباری اوقات کار رات 10بجے تک ہوں گے، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز اور سینما ہالز میں ویکسی نیٹڈ کے حامل افراد کو سروس کی اجازت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے این سی اوسی کی ہدایات کی روشنی میں 15 نومبر تک کیلئے نیا حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت سندھ بھر میں کاروباری اوقات کار رات 10بجے تک ہوں گے، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز اور سینما ہالز میں ویکسی نیٹڈ کے حامل افراد کو سروس کی اجازت ہوگی۔انڈور کیلئے 300 اور آوٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد کی اجازت ہوگی۔ دوسری جانب این سی او سی نے کورونا ویکسی نیشن میں کارکردگی دکھانے والے شہروں میں معاملات زندگی درجہ بدرجہ معمول پر لانے کا فیصلہ کیا جس کے تحت 60 فیصد ویکسی نیشن والے شہروں سے پابندیاں اٹھانے کا اعلان کردیا ہے۔

این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس میں کورونا اور شہروں میں ویکسی نیشن کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔این سی او سی نے اس ضمن میں اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ویکسی نیشن میں کارکردگی دکھانے والے شہروں میں معاملات زندگی درجہ بدرجہ معمول پر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد، منڈی بہاءالدین، گلگت اور میرپور کو 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے پر بہترین شہر قرار دیا گیا ہے جب کہ 40 سے 60 فیصد آبادی کوویکسین لگانے پر راولپنڈی، اسکردو، ہنزہ، باغ، بھمبر، جہلم، پشاور، غذر اور کھرمنگ کو بھی ویکسین شدہ شہر قرار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں دیگر شہروں میں 40 فیصد آبادی کی کم ویکسی نیشن کے باعث ویکسین کی شرح کم قرار دی گئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق بہترین ویکسین شدہ شہروں میں اجتماعات اور شادی بیاہ میں نافذ پابندیاں ہٹادی گئی ہیں جب کہ ان شہروں میں اسپورٹس گراؤنڈز، تجارت، ان ڈور ڈائننگ اور کاروبار سے بھی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close