لانگ مارچ صرف اسی شرط پر ہوگا کہ۔۔۔۔مولانا فضل الرحمٰن ایک بار پھر ڈٹ گئے

اسلام آباد (پی این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کو استعفوں سے مشروط کر دیا۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے نمائندہ خصوصی نعیم اشرف بٹ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کے اجلاس میں دوبارہ لانگ مارچ کو اسمبلی سے استعفوں سے مشروط کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے اجلاس میں کہا کہ استعفوں کے بغیر لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی حمایت کی اور کہا کہ ہم آپ کےساتھ ہیں۔ اجلاس میں لیگی اکثریتی رہنماؤں نے رائے دی کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی کے بغیر استعفوں کا فائدہ نہیں ہوگا۔اجلاس میں استعفوں پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث لانگ مارچ کی تاریخ نہیں بتائی گئی ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے مہنگائی کے خلاف آج سے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے ملک گیر احتجاج، ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں مرکز اور صوبائی سطح پر مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، پارٹی کے چاروں صوبائی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے شرکت کی۔ جبکہ اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے بھی قومی و صوبائی قیادتوں کے اجلاس طلب کر رکھے ہیں۔

close