اشرف غنی کی بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے پیسے لے جانے کی ویڈیو بھی آگئی

جلال آباد (پی این آئی) افغانستان کے سابق مفرور صدر اشرف غنی کے ہیڈ آف سیکیورٹی رہنے والے بریگیڈیئر جنرل پیراج عطا شریفی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس سابق صدر کے فرار ہوتے وقت پیسے لے جانے کی سی سی ٹی وی ویڈیو موجود ہے۔ اگر امریکہ یا برطانیہ جیسا کوئی ملک ان کی جان کی حفاظت کی یقین دہانی کرائیں تو وہ اس ویڈیو کو پبلک کرنے کو تیار ہیں۔

 

 

 

بریگیڈیئر عطا شریفی موجودہ طالبان حکومت کی جانب سے سب سے زیادہ مطلوب قرار دیے جانے والے افراد میں سے ایک ہیں اور ان کے سر پر 10 لاکھ روپے کا انعام رکھا گیا ہے۔ ایسی صورت حال میں وہ ایک نامعلوم مقام پر تہہ خانے میں چھپے ہوئے ہیں۔برطانوی اخبار ڈیلی میل نے عطا شریفی کا افغانستان میں انٹرویو کیا ہے۔ وہ اشرف غنی کی حکومت میں 20 ویں سینئر ترین عہدیدار تھے۔ اشرف غنی کے ملک سے فرار ہونے کے بعد عطا شریفی کی تصویریں طالبان کی ہر چیک پوسٹ پر چسپاں کی گئی ہیں۔اپنے انٹرویو میں بریگیڈیئر جنرل عطا شریفی نے سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہ صرف ان لوگوں نے دھوکہ دیا جن کی وہ حفاظت کرتے تھے بلکہ ان مغربی ممالک نے بھی انہیں تنہا چھوڑ دیا جن کی وہ کئی سال تک خدمت کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے ڈیلی میل کے صحافی کو اپنی وہ ای میلز بھی دکھائیں جو انہوں نے برطانیہ کی وزارت دفاع کو بھجوائی تھیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ اشرف غنی کی کرپشن کو بھی بے نقاب کریں گے۔ پیراج عطا شریفی نے دعویٰ کیا کہ طالبان کے کنٹرول کے بعد افغانستان سے بھاگتے وقت سابق صدر نے اسلحہ بھی ساتھ لے لیا تھا،” اشرف غنی نے مجھے بتایا کہ اگر طالبان نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی تو وہ خود کو مارلیں گے۔”خیال رہے کہ 15 اگست کو کابل پر طالبان کے قبضے سے پہلے ہی اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے تھے۔ روس نے دعویٰ کیا تھا کہ اشرف غنی اپنے ساتھ جاتے ہوئے 169 ملین ڈالر کی رقم لے گئے ہیں۔ بعد ازاں وہ متحدہ عرب امارات سے سامنے آئے جہاں انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پناہ دی گئی تھی۔ اشرف غنی نے خود پر لگنے والے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ وہ پیسے لے کر نہیں بلکہ اپنی جان بچا کر بھاگے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں