خیبرپختونخوا کا اگلا ممکنہ وزیراعلیٰ کون ہو گا؟

پشاور(پی این آئی) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو صوبے میں حکومت ملی تو حیدر ہوتی وزیراعلیٰ ہوں گے۔

ایک انٹرویو میں سردارحسین بابک نے کہا کہ تحریک انصاف ریاستی مشینری کے زور پر اقتدار میں آئی اور عوامی رائے کو روندا گیا، ریاستی مشینری اب بھی عمران خان کے ساتھ ہے، نیب جیسے ادارے کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، کوئی ادارہ اپنی پسند یا ناپسند مسلط نہیں کرتا، انتخابی اصلاحات کرنا کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے لیکن یہاں ڈھٹائی کی حد یہ ہے کہ وزراء ایک آئینی ادارے کے خلاف مورچہ لگائے بیٹھے ہیں۔سردار حسین بابک نے کہا کہ کل افغانستان میں روس اور امریکا مشت وگریباں تھے اور آج چین اور امریکا کی لڑائی جاری ہے جس کے لیے ہماری زمین استعمال ہورہی ہے، جہاں تک افغانستان کا معاملہ ہے تو طالبان کے آنے سے امن کیسے قائم ہوگا، اس کا جواب وہی دے سکتے ہیں کہ جن کی ایماءپر وہ آئے ہیں۔افغانستان میں بندوق کی نوک پر اقتدار حاصل کرنے والوں کا طریقہ نہ تو اسلامی ہے نہ ہی جمہوری ،کون اسے مہذب طریقہ کہے گا اور جو لوگ پاکستان میں بیٹھے ان کی حمایت کررہے ہیں کیا کل کو اگر کوئی اسلام آباد کو اسی طرح بندوق کی نوک پر فتح کرلے تو اس کی بھی حمایت کی جائے گی ؟۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close