منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوئے تو پیپلزپارٹی وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی

اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں جب بھی منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوں گے تو پاکستان پیپلزپارٹی وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی ،یہی پیغام کشمیر کے عوام نے کشمیر میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں پورے پاکستان میں بھیجا ہے، ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کہاں ہیں جس کا وعدہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے کیا تھا ، ہم اس کٹھ پتلی حکومت کا احتساب

کریں گے ، پاکستان کا اگلا وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے اگلے وزرائے اعلیٰ پیپلزپارٹی کے جیالے ہوں گے۔ چیئرمین پی پی پی نے یہ بات منگل کو چڑوہی کوٹلی کے مقام پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ہونے والے پارٹی کی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس حلقے میں انتخابات 10اکتوبر کو ہو رہے ہیں اور چودھری عامر یاسین پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ آزاد کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف سازشیں کر رہی ہے اور اس نے چودھری عامر یاسین کے خلاف ایک جھوٹا مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالوں نے جابروں اور ڈکٹیٹروں سے جنگ جیتی ہے اور اس کٹھ پتلی کی جیالوں کے سامنے کوئی حیثیت

نہیں۔ جیالے ایک مرتبہ پھر کٹھ پتلی کو شکست دینے کے لئے تیار ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں پورے سندھ اور جنوبی پنجاب کا سڑک کے ذریعے سفر کیا ہے اور مختلف مقامات پر پیپلزپارٹی کے جیالوں کا جوش و خروش دیکھ کر وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ وہ کٹھ پتلی کو شکست دے کر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کو پورا کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ کسانوں، مزدوروں اور طالب علموں کو ریلیف دیتی ہے اور ہم عوام کو غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف پیپلزپارٹی ہے جو پاکستان کے عوام کو ریلیف مہیا کر سکتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام دشمن اور غریب دشمن ہے۔ اس حکومت کے دور میں ان 16ہزار سرکاری ملازمین کو بیروزگار کر دیا گیا جنہیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملازمتیں فراہم کی تھیں۔ اس حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کراچی کے 10ہزار ملازمین کو بھی بیروزگار کر دیا ہے۔ یہ حکومت عوام دشمن حکومت ہے اوریہ پاکستان اور کشمیر کے عوام سے جھوٹے وعدے کرکے حکومت میں آئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کہاں ہیں جس کا وعدہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے کیا تھا۔ ہم اس کٹھ پتلی حکومت کا احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اگلا وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے اگلے وزرائے اعلیٰ پیپلزپارٹی کے جیالے ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close