تجارتی معاہدے،صنعتی شعبے کی مدد کے لیے حکومت کی جامع کوششیں جاری

اسلام آ باد (آئی این پی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت صنعتی شعبے کی مدد کے لیے جامع کوششیں کر رہی ہے،مقامی تاجروں اور انڈسٹری کو تقویت دینے کیلئے تجارتی معاہدے کیے جارہے ہیں، حکومت نے نوجوانوں کیلئے 100 ارب روپے کامیاب جوان پروگرام کے تحت مختص کیے ہیں ، چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریز تاجروں کو ٹیکس ادا کرنے کا کہیں ، معیشت کی دستاویز بندی میں حکومتی

کوششوں کا ساتھ دیں، ترک تاجر پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی سے جھنگ چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صنعتی شعبے کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تجارتی سفارت کاری اور نئی اور بہتر منڈیوں تک رسائی کیلئے کوششیں کررہی ہے ، مقامی تاجروں اور انڈسٹری کو تقویت دینے کیلئے تجارتی معاہدے کیے جارہے ہیں ، حکومت تاجروں کو عالمی منڈیوں میں مقابلے کے قابل بنانے کیلئے پیداواری لاگت کم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو اپنے کاروبار قائم کرنے کی ترغیب دے رہی ہے ، حکومت نے نوجوانوں کیلئے 100 ارب روپے کامیاب جوان پروگرام کے تحت

مختص کیے ہیں ، چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریز تاجروں کو ٹیکس ادا کرنے کا کہیں ، معیشت کی دستاویز بندی میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں۔ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے معروف ترک کمپنیوں کے وفود نے استنبول میں ملاقاتیں کی تھیں جس میں صدر مملکت نے کہا تھا کہ ترک تاجر پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا تھا کہ ترک سرمایہ کار آئی ٹی ، کان کنی ، مالیاتی ، صنعتی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں ، حکومت نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول کے لیے اقدامات اٹھائے۔ وفد کے اراکین نے صدر عارف علوی کو اپنے کاروبار اور مستقبل میں ممکنہ منصوبوں کے بارے میں اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے مختلف شعبوں میں ممکنہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ وفود نے صدر مملکت کو پاکستان میں موجود ترک سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close