اسلام آباد (پی این آئی) برطانیہ میں فراڈ کرکے آنے والے ملزمان کی50ارب کی جائیداد منجمد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، احتساب عدالت کے جج نے نیب کی جانب سے منجمد کیے گئے اثاثوں کی توثیق کردی۔احتساب عدالت کے جج نے ملزمان نثار افضل اور صغیر افضل کے تمام اہل خانہ اور رشتہ داروں کے اثاثے منجمد کرنے کی منظوری دی۔احتساب عدالت کے مطابق مذکورہ ملزمان کا اثاثے فروخت کرنے کا قوی امکان ہے، اس حواکے سے فوری طور پر تمام اداروں
کو آگاہ کردیا جائے، نیب کے مطابق ٹھوس شواہد ہیں کہ ملزمان نے ناجائز اثاثے بنائے۔عدالت میں نیب کے تفتیشی افسر ملک عزیر ریحان نے اپنا بیان قلمبند کرادیا، انہوں نے ملزمان کے اربوں روپے کے اثاثوں کی تصدیق کی۔قومی احتساب بیورو کے مطابق ملزمان کے اسلام آباد کے پوش علاقے ایف سیکٹر میں 11 بنگلے منجمد کردیے گئے ہیں اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں ترنول، بھڈانہ، تمیر میں 650 کنال اراضی کو بھی منجمد کردیا گیا۔ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان کی اٹک، فتح جنگ اور رنگ روڈ کے اطراف 10 ہزار کنال اراضی منجمد کی گئی ہے، ملزم نثار افضل اربوں روپے مالیت کے اثاثے بنانے کا کوئی ثبوت فراہم نہ کرسکا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں