پہلا صوبہ جس میں پوری آبادی کو صحت کارڈ دینے کا اعلان کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) تحریک انصاف کی حکومت کا پنجاب کی پوری آبادی کو انصاف ہیلتھ کارڈ فراہم کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبے کی تمام آبادی کو بڑی خوشخبری سنائی ہے۔ صوبائی وزیر صحت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس سال کے آخر تک پنجاب کی پوری آبادی یعنی 2 کروڑ 93 لاکھ خاندانوں کو انصاف ہیلتھ کارڈ مل جائے گا اور ہیلتھ کارڈ صرف ان افراد کو ملے گا جن کے پاس نادراکا شناختی کارڈ موجود ہو گا۔

پنجاب میں صحت کے شعبہ کے حوالے سے تحریک انصاف کی حکومت کے مزید مںصوبوں سے متعلق ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان کارڈیالوجی ہسپتال، میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور ملتان میں نشتر ٹو ہسپتال جلد ہی فعال ہو جائیں گے۔جبکہ پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں لیور ٹرانسپلانٹ کے 87 آپریشن ہو چکے ہیں۔ کورونا کیخلاف جنگ کے حوالے سے وزیر صحت کا بتانا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں کورونا کے 880 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی گنجائش اضافہ کے بعد اب 50 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ چارلاکھ سے زائد افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا رہی ہے، اب تک پنجاب کی پانچ کروڑسے زائد آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی پہلی ڈوز لگ چکی ہے اور کوشاں ہیں کہ سال کے آخر تک 70 فیصد آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگ جائے۔ یہاں واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب سے قبل خیبرپختوںخواہ کی تمام آبادی کو صحت انصاف کارڈ کی سہولت فراہم کر چکی۔ پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جہاں کسی صوبے کی پوری آبادی کو یونیورسل ہیلتھ سہولت فراہم کی گئی ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close