اسلام آباد (پی این آئی) تحریک انصاف کی حکومت ایک اور میگا پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے تیار، 276 ارب روپے کی لاگت سے ملک کی تیسری طویل ترین موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے اپنی حکومت کے دوران شاہراہوں کے سب سے بڑے منصوبے کے آغاز کیلئے کمر کس لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ایکنک کا اہم اجلاس ہوا۔اجلاس کے دوران دیر موٹروے منصوبے کے آغاز کے حوالے سے غور کیا گیا، جبکہ اجلاس کے دوران ملک کی تیسری طویل ترین موٹروے کی تعمیر کے آغاز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ڈی آئی خان تا پشاور موٹروے ملک کی تیسری طویل ترین موٹروے ہو گی جس کی تعمیر پر 276 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ڈی آئی خان موٹروے کی مجوزہ الائنمنٹ تقریباً 360 کلومیٹر طویل ہے ، جو 18 انٹر چینجز، 45 پل اور 3ٹنلز پر مشتمل ہے ، جس کے ذریعے جنوبی اضلاع اور تحصیلوں کے آبادی والے تمام دیہات اور قصبوں سمیت ترقی سے محروم علاقوں کو رسائی دی جائے گی ۔یہ موٹروے پشاور میں چمکنی کے مقام سے شروع ہو کر درہ آدم خیل ،کوہاٹ، ہنگو ، کرک ، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان تک جائے گی۔ ابتدائی طور پر اس منصوبے کو تقریباً 250ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، تاہم اس شاہراہ کی تعمیر پر 276 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ڈی آئی خان موٹروے کا منصوبہ خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے گزشتہ برس اس منصوبے کے آغاز کی منظوری دی تھی، جبکہ اب وفاقی حکوت کے متعلقہ فورم نے بھی ملک کی تیسری طویل ترین موٹروے کی تعمیر شروع کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں