یوم پاک بحریہ 2021 کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام

کراچی (آئی این پی)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ8 ستمبر یوم بحریہ ہماری قومی تاریخ کا عظیم الشان اور یادگار دن ہے جو کہ 1965کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے سرفروشوں کی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی یاد میں منایا جاتا ہے، یہ دن ہمیں ہمارے شہدائاور غازیوں کے دلیرانہ کارناموں اور غیر معمولی بہادری کی یاد دلاتا ہے جو اللہ پر کامل بھروسے کے ذریعے جوانمردی سے لڑے، یہ دن

ہماری بحری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر رقم ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے باعث فخر و ترغیب ہے،پاکستان نیوی کو سی پیک کی کامیابی کے لیے اپنی قومی ذمّے داریوں کا مکمل ادراک ہے اور اس ضمن میں سکیورٹی کو یقینی بنائے ہوئے ہے،پاکستان نیوی اپنی بڑھتی ہوئی ذمّہ داریوں کے ساتھ خطے میں ایک باصلاحیت اور متحرک بحری فورس بن کر اُبھری ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوم پاک بحریہ2021 کے موقع پر پیغام میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ 8 ستمبر یوم بحریہ ہماری قومی تاریخ کا عظیم الشان اور یادگار دن ہے جو کہ 1965کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے سرفروشوں کی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں ہمارے شہدائاور غازیوں کے دلیرانہ

کارناموں اور غیر معمولی بہادری کی یاد دلاتا ہے جو اللہ پر کامل بھروسے کے ذریعے جوانمردی سے لڑے۔ یہ دن ہماری بحری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر رقم ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے باعث فخر و ترغیب ہے۔ 7 اور 8 ستمبر1965 کی شب پاک بحریہ کے سات جنگی جہازوں پر مشتمل بحری بیڑے نے ” آپریشن سومنات” کے دوران بھارت کی بندرگاہ دوارکا پر بمباری کی۔ اس مستعد اورزیرک آپریشن نے اہم ساحلی تنصیبات بشمول بھارتی ریڈار اسٹیشن اور ریڈیو بیکن کو تباہ کیا جو کہ کراچی پر حملہ کے لیے بھارتی فضائیہ کے جہازوں کو رہنمائی فراہم کر رہا تھا۔ یوم بحریہ پاکستان نیوی کی واحد آبدوز غازی کے تاریخی کارناموں کی یاد میں بھی منایا جاتا ہے جس نے 1965 کی جنگ کے دوران اپنی بالادستی قائم رکھتے ہوئے سمندر میں بغیر کسی چیلنج کے کام کیا۔ بھارتی بندرگاہ کے قرب و جوار میں اس کی موجود گی نے نہ صرف بھارتی بحری جہازوں بشمول طیارہ برادر جہاز کو اُ ن ہی کی بندرگاہ میں مقید رکھا بلکہ وہ شمالی بحیرہ عرب کی جانب رُخ کرنے سے بھی خوفزدہ رہے۔ پاکستان نیوی اپنی بڑھتی ہوئی ذمّہ داریوں کے ساتھ خطے میں ایک باصلاحیت اور متحرک بحری فورس بن کر اُبھری ہے۔ خطے اور عالمی سمندروں میں امن و استحکام کے لیے پاکستان نیوی عالمی بحری افواج کے اتحادی کے طور پر مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی اقدامات میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان نیوی کو سی پیک کی کامیابی کے لیے اپنی قومی ذمّے داریوں کا مکمل ادراک ہے اور اس ضمن میں سکیورٹی کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔ پاکستان نیوی ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع کے ساتھ میری ٹائم سیکٹر کی ترقی اور بلیو اکانومی کے ثمرات سے ملکی معیشت کو مستفید کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ یوم بحریہ کے جذبے کو تازہ کرتے ہوئے پاکستان نیوی کے آفیسرز، سی پی اوز، سیلرز اور سویلنز اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھارت کے ساتھ غیر قانونی الحاق کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ آج کے دن پاکستان نیوی کے آفیسرز، سی پی اوز، سیلرز اور سویلینز ملک کے ناقابل تسخیر دفاع اور کسی بھی جارحیت کے صورت میں آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک ثابت قدم رہنے کے اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں