این سی او سی کا خیبرپختونخوا، پنجاب کے مخصوص اضلاع میں اضافی بندشوں کا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی)نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے رجحان کے پیش نظر پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے مختلف اضلاع میں 4ستمبر سے 12ستمبر تک تعلیمی شعبے کی بندش سمیت اضافی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ، این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی قیادت میں این سی او سی نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کے رجحان اور انتہائی نگہداشت کی سہولیات پر دبا ئوکے حوالے سے بریفنگ دی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس کے شرکا نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے منتخب اضلاع کے لیے این پی آئیز کا جائزہ لیا۔این سی او سی نے کہا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ وبا کے پھیلا کو کم کرنے کے لیے منتخب اضلاع میں 4 سے 12 ستمبر تک اضافی این پی آئیز نافذ کی جائیں گی۔مختلف اضلاع میں نافذ ہونے والی پابندیوں میں تعلیمی شعبے کی بندش، بیماری کے زیادہ پھیلا ئووالے اضلاع اور شہروں میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت پر پابندی، ان ڈور اور آئوٹ ڈور تمام تقریبات پر پابندی، شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت صرف آئوٹ ڈور اور 300افراد تک تعداد سے مشروط اور انڈور جم پر پابندی شامل ہے۔این سی او سی نے کہا ہے کہ یہ اضافی این پی آئیز کا نفاذ پنجاب میں سرگودھا، خوشاب، میانوالی، رحیم یار خان، خانیوال، فیصل آباد، بھکر، گجرات، گجرانوالا، ملتان، بہاولپور، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ اور شیخوپورہ میں ہوگا۔خیبرپختونخوا میں یہ پابندیاں ہری پور، مالاکنڈ، مانسہرہ، صوابی، ڈی آئی خان، سوات، ایبٹ آباد اور پشاور میں نافذ کی جائیں گی ۔این سی او سی نے کہا کہ مذکورہ پابندیوں کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پر بھی ہوگا۔ این سی او سی کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت صرف آٹ ڈور اور300 افراد تک مشروط کردی گئی ہے۔ ، پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی اسکول 6 روز کے لیے بند کردیے گئے ہیں ۔خیبر پختونخوا میں ہری پور، مالاکنڈ، مانسہرہ، صوابی، ڈی آئی خان، سوات،ایبٹ آباد اور پشاور میں پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ صوبائی وزیرتعلیم کے مطابق خیبرپختونخوا کے8 اضلاع میں تعلیمی ادارے بھی 6 سے 11ستمبرتک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پشاور،صوابی، سوات،مالاکنڈ، ہری پور، ایبٹ آباد، ڈی آئی خان اور مانسہرہ میں اسکول بند رہیں گے جب کہ کورونا کی کم شرح والے اضلاع میں اسکول کھلے رہیں گے۔اسلام آباد میں بھی نئی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں ، وفاقی دارالحکومت میں 12 ستمبر تک اسکول اور اندورن شہر ٹرانسپورٹ بند کرنیکا اعلان کیا گیا ہے۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں ایک ہزار 368 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا حکام کے مطابق صوبے میں کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، گزشتہ ماہ صوبے کے 21 اضلاع میں 312 مریضوں سے نمونے لیے گئے تھے جن میں 236 افراد میں کورونا ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

close