پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کا کردار ذمہ دارانہ ہے: چودھری پرویزالٰہی

لاہور (آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیولے نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، پارلیمانی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر اور امریکی قونصل جنرل نے پاک امریکہ تعلقات میں مزید بہتری کیلئے بھی گفتگو کی۔ امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیولے نے اسمبلی کے نئے ہال اور عمارت کا دورہ بھی کیا۔ انہوںنے پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان کے فعال ہونے پر سپیکر کو مبارکباد پیش کی۔ امریکی قونصل جنرل کو پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی کارروائی اور مفاد عامہ سے متعلق قانون سازی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل نے سپیکر پنجاب اسمبلی کی قیادت میں اسمبلی میں ہونے والے پارلیمانی بزنس پر ا طمینان کا اظہارکیا۔ امریکی قونصل جنرل کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی گئی۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں اور عملی کوششوں میں عالمی برادری کا شراکت دار ہے، افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کا کردار ذمہ دارانہ ہے،افغانستان کا معاملہ ہو یا دیگر قیام امن کی کوششیں، پاکستان کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان میں توانائی، زراعت، لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیولے نے پاک امریکہ تعلقات کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، دنیا میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کا کردار ہمیشہ قابل تعریف رہا ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، راسخ الٰہی اور امریکی قونصلیٹ کی پولیٹیکل آفیسر خدیجہ کورے اور بھی شریک تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close