کراچی(آئی این پی ) کابل ایئرپورٹ سے غیر یقینی صورتحال میں مسافروں کے ساتھ پی آئی اے طیارہ بحفاظت پاکستان لانے والے کیپٹن مقصود بجارانی کو اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ صدر مملکت کی جانب سے کیپٹن بجارانی کو ان کی بہادری، پیشہ وارانہ مہارت اور مسافروں کو سلامتی کے ساتھ وطن لانے پر صدارتی گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔کیپٹن مقصود بجارانی نے کابل سے مسافروں کے انخلا پر مامور ایئر بس 320 طیارے کے ساتھ ایئر ٹریفک کنٹرول کی رہنمائی کے بغیر ایئرپورٹ سے ٹیک آف کیا۔ اس موقع پر طیارے میں مسافروں کے ساتھ ساتھ فضائی عملے کے ارکان بھی موجود تھے، کیپٹن مقصود بجارانی نے انتہائی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن مکمل کیا۔ ٹیک آف کے لئے تیار کیپٹن بجارانی کو ائرپورٹ کی غیریقینی صورتحال کے باعث اے ٹی سی نے اپنی ذمہ داری پر فیصلہ کرنے کا کہا تھا کیپٹن مقصود نے اعلی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائٹرز طیاروں کے پیچھے پیچھے کامیاب ٹیک آف کیا۔ کیپٹن مقصود بجارانی کے اس اقدام کو پی آئی اے سمیت پائلٹس کی بین الاقوامی تنظیم ایفالپا نے بھی تعریفی خطوط جاری کئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں