آرمی چیف بدلتی عالمی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں، پاکستان کی سلامتی کو پاک افواج کے ہوتے ہوئے کوئی خطرہ نہیں

لاہور(آئی این پی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ آرمی چیف بدلتی عالمی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں، پاکستان کی سلامتی کو پاک افواج کے ہوتے ہوئے کوئی خطرہ نہیں ، بلدیاتی نظام ایسا ہونا چاہئے جس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے، بلدیاتی نظام اتحادی پارٹیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد بنایا جائے، کورونا ویکسین کی سپلائی اور وبا کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے چیئرمین این سی او سی کے اقدامات قابل تعریف ہیں ۔ ہفتہ کو سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وفاقی وزیر و چیئرمین این سی او سی اسد عمر نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، وبائی مرض کورونا سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی، سالک حسین ایم این اے اور شافع حسین بھی موجود تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملک کو اس وقت سنگین خطرات کا سامنا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں، ملکی سلامتی کے دفاعی ادارے بھی افغانستان کے معاملات کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان کی سلامتی کو پاک افواج کے ہوتے ہوئے کوئی خطرہ نہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بلدیاتی نظام ایسا ہونا چاہئے جس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے، بلدیاتی نظام اتحادی پارٹیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد بنایا جائے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کورونا ویکسین کی سپلائی سے لے کر کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے، اس وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کیلئے سب کو لازمی طور پر ایس او پیز پر عمل کرنا اور ویکسین لگوانا ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close