کامیاب جوان پروگرام ہزاروں باہمت خواتین کا سہارا بن رہا ہے، عثمان ڈار

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان کے وژن کے مطابق خواتین کو معاشرے میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع دینا حکومتی ترجیح ہے۔ کامیاب جوان پروگرام ہزاروں باہمت خواتین کا سہارا بن رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق خواتین کو معاشرے میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع دینا حکومتی ترجیح ہے۔عثمان ڈار نے کہا کہ گلگت کی رہائشی رضیہ خاتون نے مشکلات کے باوجود باعزت روزگار کے حصول کو ممکن بنا لیا۔ کامیاب جوان پروگرام ان جیسی ہزاروں باہمت خواتین کا سہارا بن رہا ہے۔انہوں نے رضیہ خاتون کی ویڈیو بھی ٹویٹ کی۔ ویڈیو میں رضیہ خاتون کا کہنا تھا کہ میرے ہاتھ میں ہنرتھا لیکن کاروبار کے لیے رقم نہیں تھی، کامیاب جوان پروگرام میں درخواست دی تو کاروبار کے لیے مطلوبہ رقم مل گئی۔رضیہ خاتون نے بتایا کہ انہوں نے گلگت کی مارکیٹ میں کپڑوں کی سلائی کا کاروبار شروع کرلیا ہے، مشکلات کے باوجود ہمت نہ ہارنے کا صلہ ذاتی کاروبار کی صورت ملا۔معاون خصوصی عثمان ڈار نے رضیہ خاتون کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، وفاقی حکومت اب تک 17ہزار نوجوانوں میں 20ارب روپے تقسیم کر چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب جوان گلگت سے کراچی تک ملک بھر میں پھیل چکا ہے، کوشش ہے کہ ملک بھر کے نوجوانوں میں وسائل کی یکساں تقسیم کی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں