اسلام آ باد (آئی این پی ) ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مکمل طور پرغیر جانب دار، آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان میں موجود غیر ملکی صحافیوں کی انخلا کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری، وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب، سیکرٹری اطلاعات و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ وزیرِ اعظم نے بین الاقوامی صحافی برادری کی سہولت کی خاطر وزارت اطلاعات خصوصی ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں مکمل طور پرغیر جانب دار، آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کو افغانستان میں موجود صحافیوں کی انخلا کے حوالے سے وزارتِ اطلاعات کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر صحافیوں کی سہولت کے لئے وزارتِ اطلاعات میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں