چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا یوم عاشور ہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام

اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم عاشورہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشورہ ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے دین کی حفاظت و حرمت اور حق و باطل میں تفریق کے لئے پیش کی۔ حضرت امام حسین کی عظیم قربانیوں سے زندگی کے ہر شعبے کیلئے رہنمائی ملتی ہے۔ واقعہ کربلا اعلی مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار و قربانی، صبر و استقامت کا درس دیتا ہے۔ اور اگر نواسہ رسولؐ کی جدوجہد کے ان پہلوں کو پیش نظر رکھ کر سمت اور مستقبل کا تعین کیا جائے تو معاشرے کو درپیش مسائل پر آسانی سے قابو پایا جا سکتا ہے۔واقعہ کربلا دنیا کیلئے اہم ترین سبق دیتا ہے کہ معاشرے اور ریاست کے معاملات چند افراد یا کسی خاص گروہ کی خواہشات کے تابع نہیں کیے جا سکتے کیونکہ ان امور کا براہ راست تعلق شرفِ انسانی، آزادی اور فلاح انسانیت کے عظیم مقاصد میں سے ہے۔ کربلا کی عظیم قربانیاں ہمیں یہ درس دیتی ہیں کہ انسان حق کو حق اور باطل کو باطل کہنے کا اپنے اندر حوصلہ پیدا کرے۔استقامت ِ حق کا حصول ہی وہ مشن ہے جس کے لئے کسی بھی قسم کی جانی و مالی قربانی سے دریغ نہیں کیا جا سکتا یہی وہ عمل ہے جسے حضرت امام حسین نے اختیار کیا اورہمیں حق کی سربلندی کے لئے ڈٹ جانے کا واضح پیغام دیا۔آج کا دِن نواسہ رسولؐ کے عظیم افکار و اعمال پرثابت قدمی کا دن ہے۔ ہمیں محرم الحرام کے موقع یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ اپنے انفرادی اور اجتماعی معاملات خاندانِ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سرانجام دیں گے۔ اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو ،آمین

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close