شہدائے کربلا کے جذبہ ایثار، قربانی اور غیر متزلزل ارادے پر عمل پیرا ہو کر تمام مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے؛اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا یوم عاشورہ پرپیغام

اسلام آباد(آئی این پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ واقعہ کربلا اللہ تعالی اور یوم آخرت پرغیر متزلزل ایمان، بے مثال تقوی، اللہ کی راہ میں صبر اور قرآن مجید میں بیان شہادت کے جذبے کا ایک بہترین نمونہ ہے جسے قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں یوم عاشور کے موقع اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا جو حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کی یاد میں 10 محرم الحرام کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں حضرت امام حسین اور ان کی ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے حق اور سچ کی خاطر دیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھی قرآنی تعلیمات، برداشت، قربانی اور جذبہ شہادت کی ایک لازوال مثال ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ بحثیت مسلمان یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معاشرے میں انتشار پھیلارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انسانیت کی بھلائی اور ملکی تعمیر و تر قی کے لیے خود کو وقف کر دیں۔ انہوں نے یوم عاشورہ کی قربانی کو باطل کے خلاف دی جانے والی عظیم قربانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قربانی قیامت تک آنے والوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی۔اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ ایک مہینے سے کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر محرم الحرام کے جلوسوں میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد نا کیا تو کورونا وبا کی چوتھی لہر عوام کے لیے انتہائی مہلک اور خطرے ناک ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے اس موذی وبا سے خود کو اور اپنے پیاروں کو بچانا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ واقعہ کربلا جو حق اور باطل قوتوں کے درمیان پیش آیا وہ مسلمانوں کو باطل قوتوں کے خلاف سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ راستہ ہے جس پر ہمارے پیارے نبی حضرت محمدؐ نے عمل پیرا ہونے کی تعلیمات دیں جس پر چل کر حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے لازوال قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا یہ درس دیتا ہے کہ ملک اور قوم کو جب بھی کوئی مشکلات پیش آئیں تو ہمیں کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

close