صدر مملکت 3 روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے،ایئرپورٹ پر گورنراستنبول اور پاکستانی سفیر کی جانب سے پرتپاک استقبال

اسلام آباد /استنبول (آئی این پی)صدر ڈاکٹر عارف علوی ترکی کے تین روزہ دورے پر ترکی کے شہر استنبول پہنچے جہاں استنبول کے گورنر علی یرلکایا اور ترکی کے سینئر حکام اور پاکستانی سفیر نے اتاترک کے ائیر پورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ترکی کے تین روزہ دورے پر ہفتہ کوترکی کے شہر استنبول پہنچ گئے جہاں استنبول کے گورنر علی یرلکایا اور ترکی کے سینئر حکام اور پاکستانی سفیر محمد سائرس قاضی نے اتاترک کے ائیر پورٹ پر ان کا استقبال کیا ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ترک ہم منصب رجب طیب اردگان کی دعوت پر 14 سے 16 اگست تک یہ تین روزہ دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ اپنے قیام کے دوران صدر ، وزراء کے ساتھ ملاقات کریں گے اور پاکستان نیوی کے لئے ترکی کی جانب سے بنایا گیا بحری جہازپہلے ملجم کی افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک کے صدور مشترکہ شرکت کرینگے ۔صدر علوی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ترکی کی اعلیٰ کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کرینگے ۔ واضح رہے کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان انتہائی شاندار تعلقات ہیں ۔ صدر مملکت کے اس دورہ سے ان تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد ملے گی ۔

close