طالبان نے مذاکرات کیلئے کیا شرط عائد کر دی؟ وزیراعظم عمران خان کابڑا دعویٰ

اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ طالبان افغان صدر اشرف غنی کے عہدے پر موجود ہوتے ہوئے مذاکرات پر آمادہ نہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ”میں نے طالبان کو کسی طرح کے سیاسی حل کی طرف لانے کی بہت کوشش کی لیکن بدقسمتی سے طالبان نے اشرف غنی کے ساتھ بات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کی شرط یہ ہے کہ جب تک اشرف غنی صدر کے عہدے پر ہیں وہ افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے۔“عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ”افغان حکومت اب کوشش کر رہی ہے کہ امریکی حکومت اس کے ایماءپر مداخلت کرے۔ امریکہ دو دہائیوں تک یہاں رہے، اب وہ ایسا کیا کر سکتے ہیں جو وہ 20سالوں میں نہیں کر سکے؟“وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ”ہم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ہم امریکی فوج کے افغانستان سے انخلاءکے بعد امریکہ کے فوجی اڈے اپنی سرزمین پر نہیں چاہتے۔ امریکہ نے ہمارے روایتی حریف بھارت کو خطے میں اپنے سٹریٹجک پارٹنر کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب امریکہ پاکستان کے ساتھ مختلف قسم کا سلوک کر رہا ہے۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close