نویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کو امتحانات میں اضافی نمبرز دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اساتذہ، طلباء اور عملے کو31 اگست تک ویکسین لگوانے کی ڈیڈلائن دے دی، تمام صوبوں میں سکول، یونیورسٹیاں کھلی رہیں گی، تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو ایک دن میں 50 فیصد طلبا کو بلانے کی اجازت ہوگی، 9 ویں تا 12ویں جماعت تک کے طلباء کو لازمی مضامین میں 5 فیصد اضافی نمبرز دیے جائیں گے۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزرات تعلیم کانفرنس میں سندھ کے علاوہ باقی تمام صوبوں میں سکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سندھ میں 8 اگست تک تمام تعلیمی ادارے بند ہیں۔ وزرائے تعلیم سے درخواست کی گئی کہ یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ کی ویکسی نیشن کی جائے، 18 سال سے زائد عمر طلباء کی ویکسی نیشن لازمی ہے ۔وزارت تعلیم نے اساتذہ، طلباء اور ٹرانسپورٹ عملے کو31 اگست تک ویکسین کروانے کی ڈیڈلائن دے دی ہے۔اسی طرح ملک بھر کے جامعات میں31 اگست تک ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو ایک دن میں 50 فیصد طلبا کو بلانے کی اجازت ہوگی۔اسکولوں سے متعلق عملے کی ویکسی نیشن بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے علاوہ تمام صوبوں میں امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، سندھ کے علاوہ 9 ویں تا 12 ویں تک امتحانات شیڈول کے مطابق ہورہے ہیں، ایک فیصلہ کیا ہے کہ 9 ویں تا 12 ویں تک اختیاری مضامین کے امتحانات ہوں گے، اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام صوبوں میں 9 ویں تا 12 ویں تک کے طلباء کو لازمی مضامین میں 5 فیصد اضافی نمبرز دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ بچوں کی صحت اور تعلیم کا خیال رکھا جائے۔ 25 اگست کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close