اسلام آباد ( آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی سندھ امور ارباب غلام رحیم منسٹرکالونی میں سرکاری رہائش گاہ الاٹ کرانے کے لئے پرتولنے لگے تاہم وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے انکار کر دیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ارباب غلام رحیم کو بھی منسٹر کالونی میں گھر الاٹ کرنے کی سفارش کی گئی تھی اور اس حوالے سے تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے ایک خط بھی وفاقی وزیر کو لکھا تھا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اور وزارت دونوں نے ارباب غلام رحیم کو سرکاری گھر الاٹ کرنے سے معذرت کرلی اور موقف اختیار کیا کہ چونکہ ارباب غلام رحیم اعزازی معاون خصوصی ہیں ان کا درجہ بھی وزیر مملکت یا وفاقی وزیر کے برابر نہیں ہے لہذا ان کو منسٹرکالونی میں گھر الاٹ نہیں کیا جا سکتا یہ اسی صورت ہو سکتا ہے جب وہ کابینہ ڈویژن سے نیا نوٹیفکیشن لائیں جس پر لکھا ہو کہ ان کا درجہ وزیر مملکت یا وفاقی وزیر کے برابر ہے،طارق بشیر چیمہ کا یہ بھی موقف تھا کہ ہر شخص کو سرکاری گھر الاٹ نہیں کر سکتے کیونکہ ہمارے منسٹر کالونی میں محدود گھر ہیں جو کہ مجاز وزراء کو ہی الاٹ کئے گئے ہیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ارباب غلام رحیم وزارت کالونی میں رہائش حاصل کرنے کے لئے نوٹیفکیشن میں تبدیلی کے لئے کوششیں کررہے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں