رنگ روڈ کیس، گرفتار افسر نے عدالت سے رجوع کر لیا

راولپنڈی (آئی این پی ) رنگ روڈ کیس میں گرفتار سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے ضمانت کے لیے اینٹی کرپشن عدالت سے رجوع کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے عثمان اعوان کی وساطت سے درخواست ضمانت دائر کی۔ اینٹی کرپشن عدالت کے جج راجہ محمد ارشد نے اینٹی کرپشن سے چھ اگست تک مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ درخواست ضمانت میں موقف اپنایا کہ کسی قسم کی کرپشن میں ملوث نہیں ہوں، حراساں کرنے کے لیے مقدمہ درج کیا گیا۔ ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی، الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ درخوست میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کے سیاسی افسروں کی جانب سے انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے اور سیاسی لوگوں کے غیر قانونی احکامات نہ ماننے پر انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔ رنگ روڈ کیس پر بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی غیر قانونی ہے، 2015 میں حکومت کی جانب سے تمغہ امتیاز بھی حاصل کر چکا ہوں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ٹیکس ادا کرتا ہوں اور تمام قوانین کی پابندی کرتا ہوں لہذا عدالت ضمانت منظور کرے۔۔۔۔

close