لاہور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدنے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے چینی دوائی کی طرح ایل این جی میں بھی قوم کو لوٹا جارہا ہے ،پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا براہ راست نتیجہ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کی صورت نکل رہا ہے،پاکستان کے مہنگی ترین ایل این جی خریدنے کی عالمی میڈیا کی تصدیق سے اپوزیشن کا موقف سچ ثابت ہوگیا،اس حقیقت کے سامنے آنے سے ثابت ہوگیا کہ حکومت قوم سے مسلسل غلط بیانی کرتی رہی، ہفتہ کو ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے جو ایل این جی 8ڈالر میں خریدی، پی ٹی آئی 15ڈالر ایم ایم بی ٹی یوپر خرید رہی ہے، ایل این جی کا ایک جہاز منگوانے پرحکومت 22.5ملین ڈالر اضافی ادا کررہی ہے، ایل این جی کے چار جہازوں کی آمد پر 95ملین ڈالر اضافی ادا کرنے پڑیں گے، رواں ماہ عوام کو ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یونٹ 15ڈالر ادا کرنی پڑے گی جو ظلم ہے، شہباز شریف نے کہا کہ کورونا کی شدت کے دوران سستے ایل این جی معاہدے دستیاب تھے لیکن پی ٹی آئی نے دانستہ تاخیر کی پاکستان مسلم لیگ(ن)نے کورونا کی شدت کے دوران سستی ایل این جی خریدنے کا مطالبہ کیا تھا ستمبر2021میں11ایل این جی جہازوں پر387ملین امریکی ڈالر حکومت ادا کرے گی، ٹرافیگورا کمپنی نے تحریری طورپر سستی ایل این جی کی پیشکش کی تھی جسے حکومت نے قبول نہ کیا اس وقت تین سال کا معاہدہ کرلیاجاتا تو 4ڈالر پر ایل این جی دستیاب ہوتی، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 4ڈالر کا معاہدہ نہ کیا،آج 15ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سے زائد پر ایل این جی خریدرہی ہے ،سستی ایل این جی کا معاہدہ کیاہوتا تو پاکستان کو35.2ملین ڈالر ھر جہاز پے بچت ہوتی، سستی ایل این جی کا معاہدہ کرلیاجاتا تو اب تک ملک میں 12کارگوز درآمد ہوتے ان 12کارگوز پر پاکستان کو 422.4ملین ڈالر کی مجموعی بچت ہوتی، ملک اور عوام کا بھلا ہوتا ،پی ٹی آئی حکومت کم از 14کارگو منگواسکتی ہے لیکن دانستہ کم امپورٹ کی جارہی ہے اس حکمت عملی کی وجہ سے فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنائی جارہی ہے اسی وجہ سے ملک میں سی این جی کے شعبے اور صنعت کے لئے گیس دستیاب نہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری تجویز مان لی جاتی تو ملک میں آج گیس اور بجلی کا بحران نہ ہوتا، قوم کو سستی گیس ملتی یہ نااہلی نہیں بلکہ دولت کمانے کی ہوس کا نتیجہ ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئے ،سستی ایل این جی خریدنے والے جیلوں اور مقدمات کا سامنا کررہے ہیں،دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی خریدنے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایل این جی کی خریداری کی طویل المدت معاہدے کئے جاتے ہیں، پی ٹی آئی نے سپاٹ خریداری کا طریقہ اپنایا جو دنیا کا کوئی ملک اختیارنہیں کرتا، ذمہ دارانہ کا تعین کرکے انہیں کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہئے، پاکستان اور قوم کو کیوں لوٹا؟آٹے چینی دوائی کی طرح ایل این جی میں بھی قوم کو لوٹا جارہا ہے ،پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا براہ راست نتیجہ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کی صورت نکل رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں