اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلیے۔کشمیر کی وزارت عظمی کا تاج کس کے سر سجے گا ، آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے وزیراعظم عمران خان نے مشاورتی عمل شروع کردیا۔ عمران خان نے آزاد کشمیر کے 4نومنتخب ارکان اسمبلی کو بلایا۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، سینئر رہنما خواجہ فاروق، تنویر الیاس اور اظہر صادق نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقات کی۔وزیراعظم نے ہر امیدوار سے پندرہ پندرہ منٹ کی ملاقات کی اور مختلف سوالات کیے۔ انہوں نے امیدواروں سے سیاحت، پن بجلی، معدنیات، صحت ، تعلیم و ترقیاتی کاموں سے متعلق ویژن دریافت کیا۔ چاروں امیدواروں نے آزاد کشمیر سے متعلق اپنی اپنی ترجیحات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں علی امین گنڈاپور سمیت وفاقی وزرا اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما بھی شریک ہوئے۔ آزاد کشمیر کی صدارت ، وزرات عظمی ، اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور کابینہ کے حوالے سے عمران خان مزید مشاورت کریں گے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مسلسل نویں مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ وہ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر مسلسل تیسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ اگلے وزیراعظم کیلیے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سردار تنویر الیاس میں بھی سخت مقابلہ ہے۔وفاقی وزرا اپنی پریس کانفرنس میں پہلے ہی بتاچکے ہیں کہ آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں 25نشستیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کی ہے۔ پیپلزپارٹی 11نشستیں لے کر دوسرے اور (ن)لیگ 6نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں