جنیوا (آئی این پی ) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی نئی ڈیلٹا قسم کی وجہ سے مشرقی بحیرہ روم کے خطے میں یہ وائرس زیادہ پھیلا ہے جب کہ انہی علاقوں میں ویکسینیشن کی شرح بھی کم ریکارڈ کی گئی ہے۔عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ خطہ اس وقت کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں داخل ہو چکا ہے۔ دستیاب معلومات کے تحت یہ وائرس پاکستان سے مراکش تک پھیل رہا ہے۔کورونا کی نئی ڈیلٹا قسم جو سب سے پہلے بھارت میں سامنے آئی تھی اس وقت کی اطلاعات کے مطابق خطے کے 15 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے جب کہ کل ممالک کی تعداد اس خطے میں 22 ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق مشرقی بحیرہ روم کے خطے کے ممالک میں ڈیلٹا قسم کے کورونا کے باعث نہ صرف مثبت کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے بلکہ اموات بھی بڑھی ہیں۔عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر احمد المندھاری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ زیادہ تر کیسز ان افراد کے ہیں جن کی ویکسینیشن نہیں ہوئی ہے۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ماہ کورونا وائرس کے نئے کیسز میں 55 فیصد اور اموات میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہر ہفتے 3 لاکھ 10 ہزار سے زیادہ نئے کیسز اور 3 ہزار 500 اموات رپورٹ ہورہی ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے متنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیلٹا وائرس کے تیزی سے پھیلا کی بنا پر خطے کے ممالک میں یہ وائرس تسلسل کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں