افغانستان میں کوئی گروپ تنہا حکمرانی نہیں کر سکتا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں کوئی گروپ تنہا حکمرانی نہیں کر سکتا ہے، تمام گروپ مل بیٹھ کر افغانستان میں ایک متفقہ حکومت بنانے کی کوشش کریں۔ اسلام آباد میں پاک افغان یوتھ فورم کے زیر اہتمام پاک افغان میڈیا کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام ایک دوسرے سے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو پاکستان اور افغانستان کے درمیان تنا کی کیفیت تاریخ کا جبر تھا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ افغانستان میں کوئی گروپ تنہا حکمرانی نہیں کر سکتا ہے، تمام گروپ مل بیٹھ کر افغانستان میں متفقہ حکومت بنانے کی کوشش کریں، ہم افغانستان کے مختلف گروپوں کو اکٹھا کرنے میں سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے ساتھ ڈرامہ، فلمز سمیت دیگر شعبوں میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ہمارا اپوزیشن کے ساتھ اختلاف ہے لیکن ہم آئین پر متفق ہیں۔ پوری سیاسی قیادت کو پتہ ہے کہ اس نے آئین کے تحت ہی چلنا ہییہ افغانستان کے لئے ماڈل ہو سکتا ہے۔

close