عید کے دنوں میں لوڈ شیڈنگ، شہری سڑکوں پر نکل آئے، حکومت کیخلاف شدید احتجاج

لاہور (پی این آئی) گلشن راوی اے بلاک میں بجلی کی مسلسل بندش پر رہائشیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا, لیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ گلشن راوی اے بلاک کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ ہو گیا وہ لیسکو کی نااہلی کی وجہ سے روزانہ 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں, پی پی 152 سے ن لیگ کے عہدیدار ملک محمد دانش ، زوہیب علی اور ملک عبداللہ کے مطابق متعدد بار شکایات کے باوجود لیسکو حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے, اور فنی خرابی دور کرنے پر توجہ نہیں دی جا رہی، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ مسئلے کا فوری حل نہ نکالا گیا تو احتجاج میں شدت لانے پر مجبور ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ لیسکو نے عیدالاضحیٰ کے تینوں روز شہر سمیت ریجن بھر میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ مون سون سیزن میں عملہ کی سپیشل ڈیوٹیاں لگا دی گئیں، چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد امین کا کہناتھا کہ لیسکو کے سرکلز اور سب ڈویژنز میں تمام افسران اور عملہ ہائی الرٹ رہےگا،صارفین اپنے قربانی کے جانور بجلی کے کھمبوں اور تاروں کے ساتھ نہ باندھیں۔ترجمان لیسکو کے مطابق قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بجلی کے کھمبوں، اور ٹرانسفارمروں کے نیچے رکھنے سے گریز کریں، لیسکو ریجن میں مون سون کے پیش نظر بجلی معطل ہونے کی صورت میں بجلی کی تنصیبات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close